ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: بیوی پر خود ہی گولی چلاکر پولیس کو گمراہ کرنے والا پہنچ گیا سلاخوں کے پیچھے

کاروار: بیوی پر خود ہی گولی چلاکر پولیس کو گمراہ کرنے والا پہنچ گیا سلاخوں کے پیچھے

Mon, 07 Dec 2020 10:19:50    S.O. News Service

کاروار 7؍دسمبر (ایس او نیوز) بیوی کے کردار پر شبہ کرتے  ہوئے اس پر گولی چلانے اور پھر جنگل میں شکاری کی گولی سے زخمی ہونے کی بات کہہ کر پولیس کو گمراہ کرنے والا شوہر بالآخر پولیس کی گرفت میں آگیا ہے اور اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ہے۔

 کاروار تعلقہ کے گوئیر نامی علاقے کا رہنے والےرمیش نے  کدرا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ4دسمبر کوصبح میں  اس کی بیوی رشیکا جب جنگل میں جلانے کی لکڑیاں جمع کرنے کے لئے گئی تھی تو جنگل میں کسی  کی طرف سے چلائی گئی دیسی بندوق کی گولی اس کی بیوی کو لگی ہے جس سے وہ زخمی ہوگئی ہے۔ اور ضلع اسپتال میں اس کا علاج کروایا گیا ہے۔ رمیش نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہاتھا کہ کسی نے اس کی بیوی کو جان سے مارنے کے لئے یہ کارروائی کی ہے۔

 پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرلینے کے بعد پی ایس آئی راج شیکھر ساگنور نے ایس پی اور  ڈی وائی ایس پی  کی رہنمائی میں جب تحقیقات شرو ع کی اور جائے واردات کا معائنہ کرنے کے علاوہ مقامی افراد سے بات چیت کی تو اس معاملے میں شک کی سوئی رشیکا کے شوہر رمیش کی طرف ہی گھومتی نظر آئی۔ پھر پولیس والوں نےخود رشیکا سے تفصیلی پوچھ تاچھ کی تو اس نے اپنی زبان کھولی اور بتایا کہ اس کے شوہر رمیش نے ہی اس پر دیسی بندوق سے گولی چلائی تھی۔اس کے بعد پولیس نے فوراً رمیش کو اپنی حراست میں لے کر سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی تو اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ رشیکا کے کردار پر شک وشبہ کی وجہ سے اس کے ساتھ جھگڑا ہوگیا جس کے دوران نے دیسی بندوق سے اس نے گولی چلادی۔  جب رشیکا زخمی ہوگئی تو وہ گھبراگیا اور اس نے رشیکا کو اسپتال لے جاکر علاج کروایا ۔ پھر اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کے لئے اس نے جنگل میں گولی چلنے کی کہانی گھڑلی تھی۔

 پولیس نے ملزم رمیش کو گرفتار کرنے کے ساتھ جرم انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی دیسی بندوق ، بارود اور چھرے وغیرہ ضبط کرلیے اور ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔


Share: